آسٹریلوی بیٹر اسٹیو اسمتھ کے خلاف آف اسٹمپ سے باہر جانے والی گیند پر بنگلادیشی ٹیم نے کیچ کی اپیل کی، جس پر ابتدائی طور پر انہیں آؤٹ قرار دے دیا گیا۔ تاہم اسمتھ نے امپائر کے فیصلے سے قبل ہی ریویو لینے کا اشارہ دے دیا، جس کے بعد معاملہ تھرڈ امپائر کے پاس پہنچ گیا۔
ری پلے میں واضح ہوا کہ گیند بلے کا کنارہ چھونے کے بجائے زمین سے ٹکرائی تھی، جبکہ ٹیکنالوجی میں بھی بلے سے رابطے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ نتیجتاً فیلڈ امپائر کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے اسمتھ کو ناٹ آؤٹ قرار دے دیا گیا۔
اس موقع پر بنگلادیشی کھلاڑی کیچ مکمل ہونے پر جشن منا چکے تھے، لیکن ریویو کے بعد انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب اسمتھ کا فوری ریویو لینا بھی میچ کا ایک غیر معمولی لمحہ بن گیا۔
اسمتھ نے بعد ازاں اسی اننگز میں 71 رنز بنا کر آسٹریلیا کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھائی، تاہم بنگلادیش نے میچ پر مضبوط گرفت قائم رکھی۔
