کابل اور جلال آباد سے سامنے آنے والی ویڈیو پیغامات میں بعض افغان شہریوں نے طالبان حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کابل سے جاری ایک ویڈیو میں ایک شہری نے دعویٰ کیا کہ موجودہ معاشی حالات اور حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے حقوق کے لیے خود آواز بلند کریں۔
دوسری جانب جلال آباد سے ایک اور ویڈیو پیغام میں ایک شہری نے کہا کہ شہر، جو کبھی اپنی زرعی پیداوار خصوصاً انگوروں کے لیے جانا جاتا تھا، اب مختلف مسائل سے دوچار ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے جبکہ حکام ان مسائل کے حل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے۔
ویڈیو پیغامات میں طالبان حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ وہ اپنی پالیسیوں اور دعوؤں کے برعکس عمل کر رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ افغانستان میں موجودہ صورتحال کے باعث حکومت کو عوامی تنقید اور مخالفت کا سامنا ہے۔
