فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تجویز پر ایران چار ملکی اجلاس کی میزبانی کرے گا
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران میں چار ملکی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیش کی تھی، جسے ایران نے قبول کرلیا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق ایران سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود کی میزبانی کررہا ہے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اسرائیل کی پالیسیوں، لبنان کی صورتِ حال اور ایران کے خلاف جاری امریکی و اسرائیلی فوجی کارروائیوں سمیت اہم علاقائی معاملات پر گفتگو ہوگی۔
ایرانی ترجمان کے مطابق ایران ممکنہ صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم سفارت کاری کے دروازے بند نہیں کیے گئے۔ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور پاکستان ان رابطوں میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے امریکی مطالبات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تہران انہیں یک طرفہ سمجھتا ہے اور امریکا کے سامنے مکمل ہتھیار ڈالنے کو قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور جاری جنگ سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔
اسرائیل میں انتخابات سے متعلق سوال پر اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج ایران پر اثرانداز نہیں ہوں گے اور تہران کے لیے ان کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔
