امریکا نے ایران کے ساتھ کاروباری اور مالی روابط رکھنے والے غیرملکی مالیاتی اداروں کو سخت انتباہ جاری کردیا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایرانی مالیاتی شعبے سے معاملات جاری رکھنے والے غیرملکی بینکوں کو کسی بھی وقت امریکی پابندیوں کا سامنا ہوسکتا ہے، جبکہ بعض اداروں کے خلاف پیشگی اطلاع کے بغیر بھی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
واشنگٹن نے غیرملکی مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ پابندیوں کی زد میں موجود ایرانی بینکوں کے ساتھ مالی معاملات اور تعلقات ختم کریں۔
امریکی حکام کے مطابق ایرانی بینکوں یا ان کی بیرون ملک شاخوں اور ذیلی اداروں کو مالی خدمات فراہم کرنا بھی پابندیوں کی وجہ بن سکتا ہے۔
امریکا نے حالیہ دنوں میں ایران پر معاشی دباؤ بڑھاتے ہوئے پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا ہے اور ایرانی آٹو موبائل، ریلوے، مینوفیکچرنگ اور اسٹیل سے متعلق نیٹ ورکس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کی ان مالی اور تجارتی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے جن کے ذریعے تہران پابندیوں سے بچنے یا مالی وسائل منتقل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
