امریکی جریدے فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی پالیسیوں اور ہندوتوا نظریے سے متعلق اقدامات پر تنقید کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہندوتوا نظریے کے حامی سمجھے جاتے ہیں اور ان کی حکومت پر اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں سے متعلق سخت پالیسیوں کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں یوگی کے بعض بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے طرزِ سیاست پر ناقدین نے معاشرتی تقسیم بڑھانے کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی ایشیا کے امور کے ماہر کرسٹوف جیفرلو نے یوگی آدتیہ ناتھ کے سیاسی بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات مذہبی کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں۔
رپورٹ میں بھارتی صحافی سوشانت سنگھ کے حوالے سے بھی کہا گیا کہ اتر پردیش میں مسلمانوں کو معاشی مشکلات اور پولیس کارروائیوں سے متعلق شکایات کا سامنا رہا ہے۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں اتر پردیش حکومت کی بعض پالیسیوں اور اقدامات پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، جبکہ بھارتی حکومت اور بی جے پی ماضی میں اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کے الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔
