راولپنڈی: وفاقی حکومت نے راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو مؤثر بنانے کے لیے 6 ماہ کے لیے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے، جس کے تحت پاک فوج کی 3 کمپنیاں راولپنڈی میں چھ ماہ تک خدمات انجام دیں گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر وفاقی کابینہ نے فوج کی تعیناتی کی منظوری دی۔ فوجی دستے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن و امان برقرار رکھنے میں معاونت کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حساس مقامات اور اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں گے، جبکہ ضرورت کے مطابق فوجی اہلکار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔
حکومتی اقدام کا مقصد راولپنڈی میں سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے انتظامات کو مضبوط کرنا ہے۔
