اسلام آباد: رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے ماہ جولائی میں ملکی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ بھی 26 فیصد بڑھ گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں غذائی اجناس، مشینری، گاڑیوں و ٹرانسپورٹ سامان، ٹیکسٹائل مصنوعات، زرعی آلات اور مختلف دھاتوں کی درآمد میں اضافہ ہوا۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں 80 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کی اشیائے خورونوش درآمد کی گئیں، جبکہ بچوں کے دودھ اور کریم کی درآمد 25 فیصد اضافے سے ایک کروڑ 87 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ مصالحے، سویابین، پام آئل، چینی اور دالیں بھی درآمد کی گئیں۔
دوسری جانب مشینری کی درآمد میں 41 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر ایک ارب 31 کروڑ ڈالر کی مشینری درآمد کی گئی۔ گاڑیوں سمیت ٹرانسپورٹ سامان کی درآمد بھی 40 فیصد بڑھ کر 42 کروڑ ڈالر ہوگئی۔
خام کپاس سمیت ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زرعی آلات اور کیمیکلز کی درآمد 23 فیصد بڑھ کر ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق سونے، اسٹیل، لوہے اور دیگر دھاتوں کی درآمد میں بھی 23 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ قیمتی دھاتوں کا درآمدی بل 73 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا۔