اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی کو عوامی اعتماد کا اظہار قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پارٹی قیادت، امیدواروں اور کارکنوں کی مسلسل محنت اور مؤثر انتخابی مہم کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں اور ترقیاتی وژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر پارٹی عوام کی شکر گزار ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، اور حکومت اس مقصد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت جمہوری عمل کے استحکام کی علامت ہے، جس سے جمہوری روایات مزید مضبوط ہوں گی۔
