اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور مملکت کی سلامتی و خودمختاری کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانا مملکت کے امن اور استحکام کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے حوثیوں کی جانب سے ایسے اقدامات کے تسلسل کو خطرناک اور ناقابل قبول اشتعال انگیزی قرار دیا۔
سیکریٹری جنرل کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیاں یمن میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے حملے ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات یمن کے بحران کے جامع اور دیرپا سیاسی حل کی راہ میں بھی رکاوٹ بنتے ہیں۔
حسین ابراہیم طہٰ نے سعودی عرب کی جانب سے اپنی قومی سلامتی، شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ خطے کو مزید کشیدگی اور بدامنی سے بچانے کے لیے مذاکرات کو ترجیح دی جائے اور امن عمل کے ساتھ سنجیدہ وابستگی کا مظاہرہ کیا جائے۔
