کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بینظیر بھٹو ایمرجنسی رسپانس ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قلعہ عبداللہ کے علاقے پیر علی زئی میں دہشت گرد حملے کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے حملہ آوروں کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر مقامی افراد کے حوصلے اور جرات کو سراہتے ہوئے ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ٹراما سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ملک کامران خان کاسی نے وزیراعلیٰ کو زخمیوں سمیت زیرِ علاج دیگر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے اسپیشل سیکرٹری شہک بلوچ بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ٹراما سینٹر کی کارکردگی اور ہنگامی حالات میں مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی نگہداشت کا جائزہ لیتے ہوئے معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
