ایران نے پڑوسی اور علاقائی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر مستقبل میں امریکا یا اسرائیل نے ایران کے خلاف کارروائی کے لیے ان کی سرزمین یا فوجی تنصیبات استعمال کیں تو تہران کا ردعمل مختلف ہوگا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے، خصوصاً ان ممالک کو جنہوں نے حالیہ جنگ کے دوران اپنی تنصیبات امریکا یا اسرائیل کے استعمال کے لیے فراہم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی علاقائی ملک کی سرزمین ایران کے خلاف نئی کارروائی میں استعمال ہوئی تو ایران اس معاملے کو مختلف انداز میں دیکھے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، تاہم اپنی سرزمین کے خلاف کارروائی کے لیے دوسرے ممالک کی سہولت کاری قبول نہیں کرے گا۔
یہ بیان ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے بھی جاری ہیں تاہم اہم معاملات پر اختلافات برقرار ہیں
