ایف آئی اے کی ملک گیر کارروائیاں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث 24 ملزمان گرفتار
اسلام آباد: ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن اسمگلنگ ونگ نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری 24 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مختلف شہروں میں کی گئی کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی خان میں کارروائی کے دوران محمد تنویر، شاہد حسین اور عبدالشکور کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فیصل آباد سے 13 اشتہاری ملزمان اور مبینہ انسانی اسمگلروں کو حراست میں لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق فیصل آباد سے گرفتار ملزمان میں حسام ریاض، منظور عباس، رانا گلزار، امجد حسین، محمد وسیم، محمد افضل، عاصم جمیل، نوید، محمد سلیم، علی نوشیروان، خرم شہزاد، اشفاق احمد اور ظہیر اقبال شامل ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کیں اور بعد ازاں فرار ہوگئے تھے۔
بہاولپور میں کارروائی کے دوران عطا محمد اور رشید بلوچ نامی دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
کراچی میں ایف آئی اے نے محمد شہزاد، حبیب الرحمان اور حافظ محمد ادریس کو گرفتار کیا، جبکہ اسلام آباد میں کارروائی کے دوران احسان اللہ خان، عبدالواسط اور محمد عثمان کو حراست میں لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مقدمات اور دیگر معاملات سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
