اسلام آباد کے قریب کسٹمز انفورسمنٹ نے اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی، تاہم کارروائی کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حکام کے مطابق اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے خفیہ اطلاع پر 2 اکتوبر کو رات تقریباً ڈھائی بجے ایم ٹو موٹروے کے قریب کارروائی کی۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے 1200 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 5 ارب 40 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 100 کلوگرام پوست کے بیج، آتشیں اسلحہ اور غیر کسٹمز ادا شدہ ٹویوٹا پراڈو بھی قبضے میں لی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو مبینہ طور پر منشیات کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران گاڑی میں موجود افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
کسٹمز حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنسز ایکٹ 1997 اور کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
