این ڈی ایم اے میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا 17واں اجلاس، مون سون اور سیلابی صورتحال کا جائزہ
اسلام آباد میں این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا 17واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں، سیلابی صورتحال، ممکنہ خطرات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی قومی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کی، جبکہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین وٹو اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور صوبائی و ضلعی سطح پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات بھی زیرِ غور آئے۔
این ای او سی کی ٹیم نے اجلاس کے شرکا کو آنے والے دنوں کے ممکنہ موسمی حالات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4 ستمبر تک ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جس کے نتیجے میں بعض مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی میں موجودہ صورتحال اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے امدادی اقدامات سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
این ڈی ایم اے حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق تازہ معلومات کے لیے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ ایپ سے استفادہ کریں۔ کسی ہنگامی صورتحال یا مدد کی ضرورت کی صورت میں 911 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں این ڈی ایم اے کی جانب سے موسمی اور سیلابی خطرات کی مسلسل نگرانی، متعلقہ اداروں کو بروقت الرٹس جاری کرنے اور قومی سطح پر مؤثر ہنگامی ردعمل کو یقینی بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مون سون کے دوران بروقت اقدامات، اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور مؤثر ہنگامی ردعمل کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جائے گا۔
