اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرہ احمر میں ایک تجارتی جہاز پر ہونے والے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک پاکستانی زخمی ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور غیر جنگی تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ تجارتی جہازوں پر حملے نہ صرف معصوم انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ ان کے مطابق بحیرہ احمر میں ایسے واقعات سے آزادانہ جہاز رانی اور سمندری سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس واقعے کے حوالے سے سعودی حکام اور یمن کی تسلیم شدہ حکومت سے رابطے میں ہے جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔
اسحاق ڈار نے ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور زخمی پاکستانی شہری کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام واقعے کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ پاکستان اس مشکل گھڑی میں جاں بحق پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔
