امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس فیئر فورڈ پر موجود امریکی بمبار طیاروں کو ممکنہ خطرے کے باعث واپس امریکا منتقل کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حکام کو ایئربیس سے متعلق ایک خطرے کا علم ہوا تھا، جس کے بعد طیاروں کو وہاں سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
امریکی محکمہ دفاع کے مطابق تقریباً 12 بی ون بمبار طیارے واپس امریکا میں اپنے ہوم اسٹیشنز منتقل کیے گئے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ طیاروں کی منتقلی محض اتفاق نہیں تھی بلکہ وہاں کچھ خطرات موجود تھے، اس لیے دشمن کو موقع دینے سے پہلے طیاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
امریکی صدر نے خطرے کی نوعیت یا اس میں ملوث افراد کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ دوسری جانب برطانوی حکام نے ایئربیس کو محفوظ قرار دیا ہے۔
