پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم سرغنہ سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت پنجگور کے علاقے سرکینی، چھیدگی میں کی گئی۔ خفیہ اطلاعات ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں وزیر ولد جمال نامی ایک اہم دہشت گرد سرغنہ بھی شامل ہے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، دیگر اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد پنجگور میں شہریوں اور مقامی تاجروں سے مبینہ لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دیگر دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
