ڈیرہ اسماعیل خان (نامہ نگار) بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج اور تمغہ شجاعت حاصل کرنے والے عنایت اللہ ٹائیگر شدید علالت کے باعث گزشتہ کئی روز سے پشاور کے ایک سرکاری اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں اور مالی مشکلات کے باعث صحت کارڈ کے ذریعے سرکاری اسپتال میں علاج کروا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عنایت اللہ ٹائیگر دورانِ ڈیوٹی اپنی ایک ٹانگ بھی کھو چکے ہیں، تاہم اب وہ خود ایک سنگین بیماری سے نبرد آزما ہیں۔ ان کی بیماری اور مالی مشکلات کے باوجود تاحال کسی حکومتی عہدیدار کی جانب سے عیادت یا مالی معاونت کی کوشش سامنے نہ آنے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عنایت اللہ ٹائیگر کی خدمات اور قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں فوری طور پر ملک کے کسی بڑے اور جدید طبی مرکز منتقل کیا جائے، جہاں ان کا بہتر علاج ممکن ہو سکے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ عنایت اللہ ٹائیگر کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کیے جائیں اور ان کے اہلِ خانہ کی بھی ہر ممکن مدد کی جائے۔
