آپ کے سینے کی ہڈی (اسٹرنم) کے پیچھے ایک چھوٹا سا چکنائی نما غدود موجود ہوتا ہے جسے تھائمس گلینڈ کہا جاتا ہے۔ طویل عرصے تک یہ سمجھا جاتا رہا کہ بالغ عمر میں اس کی کوئی خاص اہمیت نہیں رہتی، لیکن ایک تحقیق اس تصور کو چیلنج کر رہی ہے۔
2023 میں امریکی محققین کی ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ جن افراد کا تھائمس گلینڈ سرجری کے ذریعے نکال دیا جاتا ہے، ان میں اگلے پانچ برسوں کے دوران کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ان افراد میں کینسر لاحق ہونے کے امکانات بھی زیادہ ہو جاتے ہیں۔
تحقیق شائع ہونے کے وقت ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرِ سرطان ڈیوڈ اسکیڈن کا کہنا تھا کہ محققین نے دریافت کیا کہ تھائمس انسانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اگر یہ موجود نہ ہو تو انسان میں موت اور کینسر کا خطرہ کم از کم دوگنا ہو جاتا ہے۔
البتہ سائنس دان اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ ایک مشاہداتی تحقیق تھی، اس لیے یہ قطعی طور پر ثابت نہیں کرتی کہ تھائمس کو نکال دینا براہِ راست کینسر یا دیگر جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔