ملیریا پروگرام کے تحت چار روزہ آئی سی سی ایم تربیتی پروگرام کا انعقاد، بیماریوں کی روک تھام کے لیے شعور و آگاہی مہم مؤثر بنانے پر زور
لورالائی(میاں محمدعامربشیر آرائیں )محکمہ صحت کے ملیریا پروگرام کے تحت چار روزہ آئی سی سی ایم تربیتی پروگرام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فہیم خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس کا مقصد کمیونٹی کی سطح پر ملیریا سمیت دیگر متعدی بیماریوں کی روک تھام، بروقت تشخیص، مریضوں کی مناسب رہنمائی اور عوام میں صحت سے متعلق شعور و آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ اس تربیتی پروگرام میں محکمہ صحت کے متعلقہ حکام، تربیت کاروں، کمیونٹی ہیلتھ ورکرز (سی ایچ ڈبلیوز) اور کمیونٹی ریسپانس پرسنز (سی آر پیز) نے شرکت کی۔تربیتی پروگرام میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے پروگرام آفیسر ہارون احمد، بی آر ایس پی ملیریا پروگرام کے ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر محمد اسحاق اور ماسٹر ٹرینر امیر عزیز نے بطور تربیت کار شرکت کی۔ چار روزہ تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو ملیریا کی علامات، بیماری کی بروقت شناخت، حفاظتی تدابیر، مناسب طبی رہنمائی، مریضوں کی دیکھ بھال اور کمیونٹی کی سطح پر بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے ضروری معلومات فراہم کی گئیں۔
