جناح اسپتال میں 1500 سے زائد روبوٹک سرجریز مکمل
کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں اب تک 1500 سے زائد روبوٹک سرجریز مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر روبوٹک سرجری کی سہولت مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جے پی ایم سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر صدام صالح کے مطابق اسپتال میں روبوٹک سرجری کا آغاز اکتوبر 2023 میں ہوا تھا اور اب تک 1500 سے زائد کامیاب آپریشن کیے جاچکے ہیں۔ روزانہ تقریباً 8 سے 10 روبوٹک سرجریز کی جارہی ہیں، جبکہ رواں سال کے اختتام تک یہ تعداد 1800 سے 2000 تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ڈاکٹر صدام صالح کے مطابق روبوٹک سرجری کے لیے مریضوں سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جاتی اور یہ سہولت سندھ حکومت کے بجٹ کے تحت مفت فراہم کی جارہی ہے۔
شعبہ یورولوجی کے سربراہ ڈاکٹر نریش کمار کے مطابق روبوٹک سرجری کے ذریعے پیچیدہ آپریشن کم چیروں اور زیادہ درستگی کے ساتھ کیے جاتے ہیں۔ روایتی سرجری کے مقابلے میں اس طریقہ کار میں خون کا ضیاع اور تکلیف نسبتاً کم جبکہ صحت یابی کا عمل تیز ہوتا ہے۔
ان کے مطابق جے پی ایم سی میں یورولوجی، جنرل سرجری اور امراضِ نسواں سمیت مختلف شعبوں کے پیچیدہ کیسز کا روبوٹک طریقے سے علاج کیا جارہا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں سے مریض روبوٹک سرجری کے لیے جے پی ایم سی آتے ہیں، جس کے باعث مریضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور بعض کیسز میں آپریشن کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔
مریضوں کو انتظار سے نجات دلانے کے لیے اسپتال میں مزید روبوٹک نظام، نئے طبی ٹاور، اضافی بستروں اور دیگر سہولیات کے اضافے پر کام جاری ہے۔
جے پی ایم سی کو روبوٹک سرجری کے تربیتی مرکز کا درجہ بھی حاصل ہے، جہاں ملک کے مختلف علاقوں کے سرجنز کے علاوہ کینیا کے آغا خان اسپتال سے آنے والے سرجنز اور تکنیکی عملے کو بھی تربیت دی جاچکی ہے۔
