بحیرۂ احمر میں ایک تجارتی بحری جہاز پر ہونے والے حوثی حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانی شہریوں کی میتیں جبکہ زخمی ہونے والے 6 پاکستانیوں کو وطن واپس روانہ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق پاکستانی شہریوں عمیر افضل اور محمد اکرم کی میتیں پہلے یمن سے سعودی عرب منتقل کی گئیں، جہاں سے انہیں جدہ کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔
حملے میں زخمی ہونے والے ظہیر احمد، محمد امیر حمزہ، امتیاز علی، محمد عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید کو بھی سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں بعض کو اسلام آباد جبکہ دیگر کو کراچی روانہ کیا گیا۔
جدہ ایئرپورٹ پر پاکستانی قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر حکام نے متاثرہ پاکستانیوں کی وطن روانگی کے انتظامات کی نگرانی کی۔ حکام نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
پاکستانی سفارتی حکام اور متعلقہ اداروں کی معاونت سے متاثرہ شہریوں اور میتوں کی وطن واپسی کا عمل مکمل کیا گیا۔
