پشاور: ضلع صوابی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور طغیانی کے باعث عمارتیں منہدم ہونے اور گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں اب تک 2 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آزاد خیل اور ٹوپی کے علاقے میں ایک عمارت گرنے سے 4 افراد ملبے تلے پھنس گئے تھے۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو زندہ نکال لیا، جبکہ 2 افراد جانبر نہ ہوسکے۔
دیگر واقعات میں جرندو نہر کے قریب عمارت گرنے سے 2 افراد متاثر ہوئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ اسی طرح اعظم آباد چوکی میں عمارت منہدم ہونے سے 5 افراد متاثر ہوئے، جنہیں بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔
دوسری جانب تحصیل رزڑ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے 300 سے زائد افراد کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرین میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات پر ریسکیو ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔
ریسکیو 1122 صوابی کا کہنا ہے کہ شدید بارش، طغیانی اور ممکنہ مزید خطرات کے پیش نظر امدادی ٹیموں کو الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
