اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) کی رابطہ کاری کے نتیجے میں کاروباری اداروں اور حکومتی محکموں کے درمیان مسائل کے حل میں پیش رفت ہوئی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے الائیڈ میٹریلز اور ایف بی آر کے درمیان دہرے ٹیکس سے متعلق معاملہ حل کرلیا گیا۔ الائیڈ میٹریلز پاکستان میں تعمیراتی شعبے کے لیے ریڈی مکس کنکریٹ، تعمیراتی مواد اور مختلف خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔
دونوں فریقوں کے درمیان ٹیکس سے متعلق معاملہ 2024 میں سندھ ہائی کورٹ تک پہنچا تھا۔ مسئلے کے حل کے لیے ایس آئی ایف سی نے الائیڈ میٹریلز، سندھ ریونیو بورڈ اور ایف بی آر کے درمیان اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد کرائے۔
الائیڈ میٹریلز کے ڈائریکٹر سید فیصل علی نے معاملے کے حل میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ کاروبار و سرمایہ کاری کے حوالے سے ادارے کے ساتھ ان کا تجربہ مثبت رہا ہے۔
ان کے مطابق ایس آئی ایف سی کاروباری اداروں اور حکومتی محکموں کے درمیان پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور مسائل کے حل میں کردار ادا کر رہا ہے۔
