وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت عوام کو رجسٹریشن اور دیگر مراحل میں آسانی فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خلیج کی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سہولت ڈیسک کے ذریعے مستحق شہریوں کو اسکیم میں رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ پروگرام کے بعد اب اسے ملک بھر سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک بھی شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کی نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درکار ہے۔ اسکیم سے متعلق تفصیلات pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھی تعاون کر رہی ہیں۔
