پاکستان کو پائیدار خودمختار پانڈا بانڈ جاری کرنے پر 2026 ایشیا بحرالکاہل کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں عالمی اعزاز حاصل ہوگیا۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے مئی 2026 میں اپنا پہلا پائیدار پانڈا بانڈ جاری کیا، جس کی مجموعی مالیت ایک ارب 75 کروڑ چینی یوآن تھی۔ بانڈ کو سرمایہ کاروں کی جانب سے جاری کردہ حجم کے مقابلے میں پانچ گنا سے بھی زیادہ طلب موصول ہوئی۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ تین سالہ پانڈا بانڈ 2.5 فیصد کوپن ریٹ پر جاری کیا گیا۔ بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم پانی، توانائی اور صحت کے شعبوں میں پائیدار اور سماجی طور پر جامع منصوبوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون اور عالمی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
مشیر وزیر خزانہ کے مطابق پانڈا بانڈ کو عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی سے دونوں ممالک کے مالیاتی روابط مزید مستحکم ہو رہے ہیں، جبکہ سی پیک کے بعد نجی شعبے اور کیپٹل مارکیٹ میں بھی باہمی شراکت داری کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔
