حکومت 52 زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی تیاری میں، حتمی منظوری کابینہ دے گی
اسلام آباد ( نجیب زیدی ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت کی جانب سے کینسر، شوگر، ہیموفیلیا سمیت مختلف سنگین امراض کے علاج میں استعمال ہونے والی 52 نئی زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر صحت، وزیر خزانہ اور سی ای او ڈریپ کی اہم ملاقات کل متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو 52 نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین اور مختلف ادویات کے زیر التوا ہارڈ شپ کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر صحت نے وزیراعظم سے ملاقات کی درخواست کی تھی، جس کا مقصد نئی ادویات کی قیمتوں اور ہارڈ شپ کیسز پر حکومتی حمایت حاصل کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈریپ پالیسی بورڈ اور پرائسنگ کمیٹی 52 نئی ادویات کی منظوری دے چکی ہیں، جبکہ کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی نے بھی 24 جولائی کو ان ادویات کی قیمتوں کی منظوری دی تھی۔ نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمتیں بھی طے کی جاچکی ہیں، تاہم وفاقی کابینہ کی حتمی منظوری کے بغیر ان ادویات کی ملک میں فروخت قانونی طور پر ممکن نہیں۔
وزیراعظم کو مختلف بیماریوں سے متعلق تقریباً 100 ادویات کے زیر التوا ہارڈ شپ کیسز پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد ڈریپ نئی ادویات کی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
52 نئی ادویات میں کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، آٹو امیون ڈس آرڈر، انتہائی نگہداشت، سنگین انفیکشن، خون کی بیماریوں اور ہنگامی علاج میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔ نئی قیمتوں کی منظوری کے بعد مریضوں کو جدید طریقہ علاج کی متعدد نئی ادویات دستیاب ہونے کی راہ ہموار ہوجائے گی
