اڈیالہ جیل سے پیشی پر لائے گئے 14 قیدی فرار، 4 دوبارہ گرفتار، 10 کی تلاش جاری
راولپنڈی( ڈسٹرکٹ نیوز )اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیشی کے لیے لائے گئے 36 قیدیوں میں سے 14 قیدی فرار ہوگئے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 مفرور قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا، جبکہ 10 قیدیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے سہالہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں قیدیوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچوں کا پاؤڈر پھینکا، ہنگامہ آرائی کی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا گھیراؤ کرکے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
دوسری
جانب حکام نے واقعے کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ آیا فرار کا یہ واقعہ صرف اچانک ہنگامہ آرائی کا نتیجہ تھا یا اس میں کسی اندرونی معاونت اور اہلکاروں کی ملی بھگت شامل تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
