بلوچستان سیاسی قیادت کی اسلام آباد میں اہم بیٹھک، وفاقی تعاون کے ساتھ حکومت کی آئندہ سیاسی حکمتِ عملی پر بھی غیر رسمی مشاورت کی اطلاعات
********************
اسلام آباد ( عباس جعفر )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بلوچستان اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز، کابینہ اراکین اور دیگر منتخب نمائندوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح، وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی قیادت نے بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اور مؤثر رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بلوچستان کے نمائندوں نے وفاقی حکومت کی ترقیاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔وفاقی دار الحکومت کے سیاسی وصحافتی حلقوں میں یہ بھی زیرِ بحث ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان اقتدار کی مدت سے متعلق طے شدہ سیاسی مفاہمت اپنی تکمیل کے قریب پہنچ رہی ہے، جس کے باعث آئندہ حکومتی سیٹ اپ اور سیاسی حکمتِ عملی پر مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم اس ملاقات کے حوالے سے حکومت کی تبدیلی پر کسی باضابطہ مشاورت یا فیصلے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ ملاقات میں گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، اسپیکر بلوچستان اسمبلی، وفاقی و صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی اور بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح، جمہوری استحکام اور مؤثر قانون سازی کے عزم کا اظہار کیا۔
#Pakistan #Balochistan #democracy #parliament #government #leadership
