کمشنر راولپنڈی سلمان غنی کی زیر صدارت اجلاس، شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ
************
راولپنڈی ( ڈسٹرکٹ نیوز ): کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں لوکل گورنمنٹ کی کارکردگی اور ای بز (E-Biz) پورٹل کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیا ہمایوں، لوکل گورنمنٹ، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر سلمان غنی نے لوکل گورنمنٹ کی جانب سے دی جانے والی عوامی سروسز کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پیدائش، وفات اور دیگر رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کے اجرا کا عمل ڈیجیٹل، شفاف اور بروقت بنایا جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے اور تمام اضلاع میں یکساں، معیاری اور مؤثر طریقہ کار اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ CRMS موبائل ایپ کی نادرا کے ساتھ انٹیگریشن سے سروس ڈیلیوری مزید بہتر ہوئی ہے، جس سے شہریوں کو درست اور بروقت سہولیات میسر آئیں گی۔ اجلاس میں ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ محکمہ ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کی مؤثر مانیٹرنگ کرے اور فیلڈ میں حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بروقت تصدیق یقینی بنائے تاکہ انسداد ڈینگی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔اجلاس میں ای بز پورٹل کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ ای بز پورٹل حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد کاروباری برادری کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی کو آسان، شفاف اور تیز بنانا ہے۔ کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای بز پورٹل کے ذریعے کاروباری شعبے سے متعلق تقریباً 400 مختلف خدمات ون ونڈو آپریشن کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب تک ڈویژن بھر میں ای بز پر 10894 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 8688 اپروو، 387 مختلف محکموں میں انڈر پراسس، 1342 درخواست کنندہ کے پاس زیر التواء اور 477 مختلف اعتراضات کی بناء پر رد کی گئیں ہیں۔ پورٹل کے ذریعے شہریوں اور کاروباری افراد کو مختلف محکموں کے دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہتی اور درخواستوں کی آن لائن پراسیسنگ سے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔ کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی کہ ای بز پورٹل پر موصول ہونے والی تمام درخواستوں کو 15 دن کے اندر نمٹایا جائے۔کسی بھی درخواست کو بلاوجہ التوا میں نہ رکھا جائے اور اگر کسی مرحلے پر رکاوٹ یا تکنیکی مسئلہ درپیش ہو تو اسے فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام اور کاروباری برادری کو جدید، تیز رفتار اور آسان خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل گورننس کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور اپنی کارکردگی میں مسلسل بہتری لائیں۔
٭٭٭٭٭
