اسلام آباد: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔
روسی صدر نے پاکستانی قیادت اور عوام کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ولادیمیر پیوٹن نے اپنے پیغام میں کہا کہ روس اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماسکو اور اسلام آباد کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی اور انسانی ہمدردی سمیت متعدد شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون جاری ہے، جبکہ اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی دونوں ممالک ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔
روسی صدر کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
پیوٹن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے باہمی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے دوطرفہ شراکت داری کے تمام شعبوں کو مزید مضبوط بنائیں گے، جس سے دونوں ممالک کے طویل مدتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
