ڈسکہ، سیالکوٹ (بیورو چیف رانا اعظم کی رپورٹ)
سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں 14 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر ڈی پی او دوست محمد نے نوٹس لیتے ہوئے تینوں ملزمان کی گرفتاری یقینی بنا دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ 7 اکتوبر کو تھانہ سمبڑیال کے علاقے گاؤں بلو چک میں پیش آیا، جہاں والدین کی عدم موجودگی میں ملزمان پر گھر میں داخل ہو کر بچی سے زیادتی کا الزام ہے۔ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے فوری قانونی کارروائی شروع کی گئی۔
ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے ڈی ایس پی سمبڑیال سجاد باجوہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا۔ ڈی ایس پی کی نگرانی میں ایس ایچ او انسپکٹر میاں عبدالرزاق اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کا سراغ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے لگایا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت رضوان علی، شان علی اور سعد کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ریڈ لائن اور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹولرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی اور ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تفتیش اور مؤثر قانونی پیروی کے ذریعے متاثرہ بچی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
