اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر یافتہ ہیرو کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو آزادیٔ کشمیر کی پہلی جنگ کے دوران غیر معمولی جرات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کی بے مثال قربانی پر فخر کرتی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے فوجی تھے جنہیں وطن کے لیے غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور عزم سے ایسی مثال قائم کی جو آج بھی پاک فوج کی تاریخ کا روشن باب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، حب الوطنی اور ایثار کی علامت رہے گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اپنے پیغام میں کیپٹن محمد سرور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزادیٔ کشمیر کی جنگ میں اپنی جان قربان کر کے جرات، فرض شناسی اور وطن سے محبت کی لازوال مثال قائم کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید نے قومی تاریخ میں ایسا قابلِ فخر باب رقم کیا جسے ہمیشہ احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔