تیل کی عالمی قیمتیں بلند سطح پر برقرار، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی نے مارکیٹ کو متاثر کردیا
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پانچ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار ہیں۔ سعودی عرب پر حوثی حملوں کے تسلسل اور خطے میں توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث تیل کی قیمتوں کو سہارا مل رہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو ایشیائی کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.2 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 112.96 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 98.12 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
قیمتوں میں معمولی کمی کے باوجود عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا رہا۔ گزشتہ روز برینٹ کی قیمت میں چار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں یہ مئی کے آغاز کے بعد اپنی بلند ترین اختتامی سطح تک پہنچ گیا۔
ہفتہ وار جائزے کے مطابق برینٹ خام تیل مسلسل تیسرے ہفتے اضافے کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں تین ہفتوں کے دوران پہلی مرتبہ ہفتہ وار کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور سعودی عرب پر حوثی حملوں کے باعث تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اگر خطے میں حالات مزید خراب ہوتے ہیں تو عالمی توانائی کی سپلائی اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بڑھ سکتا ہے۔
