پی ایس ایل 12 کا آکشن 23 جنوری 2027 کو ہوگا، ٹورنامنٹ 18 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ، آکشن اور ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 12 کا پلیئرز آکشن 23 جنوری 2027 کو منعقد ہوگا، جبکہ ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی تک جاری رہے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرِ صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فرنچائزز 23 اکتوبر سے 23 نومبر کے درمیان کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ کر سکیں گی۔ ہر ٹیم کو ایک مارکی کھلاڑی براہِ راست منتخب کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم اس کھلاڑی نے پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزن میں حصہ نہ لیا ہو۔
پی سی بی کے مطابق آئندہ ہفتے پی ایس ایل سے متعلق کرکٹ ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی، جبکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ایونٹس پی ایس ایل سے پہلے کھیلے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ملک میں کرکٹ کا ایک بڑا پلیٹ فارم ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سیزن میں شائقین کی بڑی تعداد نے میچز میں شرکت کی، اور بورڈ اسی کامیابی کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایڈیشن کے میچز ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں کرانے کا منصوبہ ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو براہِ راست کرکٹ دیکھنے کا موقع مل سکے۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹ سائننگ کے آغاز کے ساتھ ہی فرنچائزز کے درمیان مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے کا مقابلہ شروع ہو جائے گا۔
