اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے مبینہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر خودمختار ریاست کو بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق سعودی عرب اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا قانونی اختیار رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں سعودی کارروائی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا خواہاں ہے، اور تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی اپیل کرتا ہے۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عمل درآمد کی حمایت کرتا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے اور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ متعلقہ فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے کویت کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اردن اور بحرین کے ساتھ بھی دفاعی شعبے میں قریبی تعلقات موجود ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں اردن یا بحرین کے ساتھ کسی نئے دفاعی تعاون کے معاہدے کو حتمی شکل دی جاتی ہے تو اس بارے میں مناسب وقت پر عوام اور میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔