افغانستان کے لیگ اسپنر قیس احمد نے اپنی غیر معمولی گیند سے سابق آسٹریلوی لیجنڈ شین وارن کی یاد تازہ کردی۔ ابوظہبی میں بنگلادیش کے خلاف جاری واحد ٹیسٹ میچ میں قیس احمد نے ایسی لیگ اسپن گیند کرائی جسے بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شنتو سمجھنے میں ناکام رہے اور کلین بولڈ ہوگئے۔
اگرچہ قیس احمد اس میچ میں مجموعی طور پر 130 رنز دے کر صرف دو وکٹیں حاصل کرسکے، تاہم دوسری اننگز میں ان کی ایک شاندار گیند خاص توجہ کا مرکز بن گئی۔
گیند آف اسٹمپ سے باہر تقریباً چھٹے اسٹمپ کے قریب گری اور تیزی سے گھومتے ہوئے بلے اور پیڈ کے درمیان سے نکل کر مڈل اور لیگ اسٹمپ کے درمیان جا لگی۔ اس غیر معمولی اسپن نے بلے باز کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن کو کرکٹ کی تاریخ میں لیگ اسپن کا عظیم ترین بولر تصور کیا جاتا ہے۔ ان کی کئی گیندیں اپنی غیر معمولی گردش اور بلے بازوں کو چکمہ دینے کی وجہ سے مشہور ہوئیں۔
شین وارن کی جانب سے انگلینڈ کے مائیک گیٹنگ اور اینڈریو اسٹراس کو کرائی گئی دو گیندیں بھی ’بال آف دی سنچری‘ کی فہرست میں شامل رہی ہیں۔ قیس احمد کی بنگلادیشی کپتان کو کرائی گئی گیند نے ایک بار پھر شائقین کو لیگ اسپن کے اسی جادو کی یاد دلا دی۔
