لارڈز: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کے انٹرویو کے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام توجہ کرکٹ اور جاری ٹیسٹ میچ پر مرکوز ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں جاری ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران برطانوی براڈکاسٹر نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کیا تھا۔ ان کا انٹرویو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرویو نشر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ناراضی کا اظہار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کی میدان میں واپسی میں کچھ تاخیر ہوئی۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ انہیں اس معاملے کے بارے میں کوئی علم نہیں اور وہ اس بات سے بھی آگاہ نہیں کہ پی سی بی نے انٹرویو کے حوالے سے انگلینڈ کرکٹ حکام سے کوئی شکایت کی ہے۔
ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ ٹیم معمول کے مطابق کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں واپس آنے کی تیاری کر رہی تھی اور انٹرویو کی وجہ سے ٹیم کو کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
سرفراز احمد نے ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے خراب کارکردگی دکھائی ہے، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ سارا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دیا جائے۔ ان کے بقول یہ پاکستان کی ٹیم ہے اور ملک کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں۔
انہوں نے محمد رضوان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے ماضی میں پرفارم کیا ہے، تاہم اس وقت وہ رنز نہیں بنا رہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بطور ہیڈ کوچ وہ اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جبکہ سیریز کے اختتام پر ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ کن کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھنا ہے اور کن میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
