لاہور: لاہور میں مون سون کے تیسرے اسپیل کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت بارش شروع ہوگئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
اندرونِ شہر، لکشمی چوک، دہلی گیٹ، ریلوے اسٹیشن اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ اور دیگر اہم شاہراہوں پر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
بارش کے باعث گرمی اور حبس میں نمایاں کمی آئی، تاہم کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون کا موجودہ سلسلہ آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔