لاہور میں 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو بسنت منانے کا فیصلہ، حفاظتی انتظامات کی ہدایات جاری
لاہور: حکومت پنجاب نے لاہور میں بسنت منانے کے لیے 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کی تاریخیں مقرر کر دی ہیں، جبکہ محفوظ بسنت کے انعقاد کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس میں بسنت کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی غیر محفوظ یا غیر مستحکم چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔
ہدایات کے مطابق 31 دسمبر 2026 سے پہلے چھتوں پر کم از کم ساڑھے تین فٹ اونچی اور مضبوط حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازمی ہوگا۔ اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی مرمت بھی مقررہ تاریخ تک مکمل کرنا ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کو پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ غیر تسلی بخش رپورٹ کی صورت میں کمزور عمارتوں اور غیر محفوظ چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ قانون کی خلاف ورزی پر متعلقہ عمارت کو سیل بھی کیا جا سکے گا۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق بسنت کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی مضبوطی اور حفاظت کی ذمہ داری مالک مکان پر ہوگی۔ چھت کے قریب بجلی کی تاریں ہونے کی صورت میں مالکان کو بسنت سے قبل انہیں محفوظ بنانا ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کے افسران چھتوں کا معائنہ کریں گے، جبکہ پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی مقررہ حدود کے مطابق نگرانی بھی کی جائے گی۔
سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی۔ سیکرٹری داخلہ نے متعلقہ محکموں کو حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے اور شہریوں کو انسانی جانوں کے تحفظ کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کے علاوہ بسنت سے پہلے اور بعد میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو پانچ سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر محفوظ، غیر قانونی یا غیر مہذب سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی نمبر 15 پر دیں۔
