مشعال یوسفزئی کا پی ٹی آئی کے پارٹی گروپس چھوڑنے کا اعتراف، قیادت پر تنقید
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سینیٹر مشعال یوسفزئی نے پارٹی کے گروپس چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ خود کیا ہے۔ گزشتہ چند روز سے ان کی جانب سے پارٹی قیادت پر تنقید بھی کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی جانب سے مشعال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال یوسفزئی نے کہا کہ لانگ مارچ کی ناکامی پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی بہنیں اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، لیکن ان کی رہائی کے لیے کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آ رہا۔
مشعال یوسفزئی نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات بھی نہیں ہو پا رہی، اس لیے پارٹی قیادت کو چاہیے کہ وہ جلد کوئی واضح حکمت عملی تیار کرے۔
