لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیکل اسمتھ کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق 46 سالہ مائیکل اسمتھ دو سالہ معاہدے کے تحت قومی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے اور ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں اسکواڈز کی بیٹنگ کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
مائیکل اسمتھ اپنے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں مجموعی طور پر 7 ہزار 29 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
وہ لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن رکھتے ہیں اور اس سے قبل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تین مختلف فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا کی ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے ساتھ بھی بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق مائیکل اسمتھ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے متوقع ہے۔
