پاکستانی پیرا ایتھلیٹ حیدر علی نے جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین پیرا گیمز کے مردوں کے ایف 37 ڈسکس تھرو مقابلے میں 57.20 میٹر تھرو کرکے چاندی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
ازبکستان کے قدرتیلوخون معروف خوجایف نے 57.39 میٹر تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا اور نیا ایشین پیرا گیمز ریکارڈ قائم کیا، جبکہ بھارتی ایتھلیٹ ہانی نے 57.04 میٹر تھرو کرکے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ حیدر علی اور طلائی تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ کے درمیان صرف 19 سینٹی میٹر کا فرق رہا۔
حیدر علی کے مطابق انہوں نے اس مقابلے کی تیاری کے لیے ایک سال تک محنت کی۔ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی ٹوکیو 2020 پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو کا طلائی جبکہ پیرس 2024 پیرالمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بیجنگ 2008 میں لانگ جمپ کا چاندی اور ریو 2016 میں کانسی کا تمغہ بھی ان کے نمایاں اعزازات میں شامل ہے۔
مین لائن: حیدر علی نے ایشین پیرا گیمز میں ڈسکس تھرو کا چاندی کا تمغہ جیت لیا، طلائی تمغے کے لیے صرف 19 سینٹی میٹر کا فرق رہا۔
