کراچی: یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام کیماڑی جیٹی سے منفرد کشتی آزادی ریلی نکالی گئی، جس میں درجنوں کشتیوں نے شرکت کی۔
ریلی کے دوران سمندر میں سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے جبکہ شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے قومی جذبے کا اظہار کیا۔ ماہی گیروں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔
اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے مستحق ماہی گیروں میں کشتیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ ریلی کی قیادت فیصل ندیم اور احمد ندیم اعوان نے کی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پرچم خشکی ہو یا سمندر، ہر جگہ سربلند رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ آزادی کے دوران کراچی سمیت ملک بھر میں مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری ہے اور قوم یوم آزادی کو بھرپور جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی بری، بحری اور فضائی افواج کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔
رہنماؤں نے مکہ معاہدے کو امت مسلمہ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے پاکستان کے کردار کو قابلِ فخر قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ یوم آزادی کے موقع پر اتحاد، یکجہتی اور قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے۔
