کراچی: سندھ کے سینئر وزیر و وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ہوا دے کر لندن میں موجود قیادت کے گدی نشین بننا چاہتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی نفرت اور تقسیم پر مبنی سیاست عوام مسترد کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق شہری اور دیہی تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو عوام نے ماضی میں بھی سیاسی طور پر مسترد کیا اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔
سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ چند منفی مثالوں اور مبینہ جھوٹے دعووں سے حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی دیواریں گرانے اور امن، ترقی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی سیاست کی ہے۔
شرجیل میمن نے کراچی کو سندھ کا دل اور ملکی معیشت کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوششیں دراصل ناکام سیاست کو زندہ رکھنے کی کوشش ہیں۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی نے سندھ کے تمام شہریوں کو بلاامتیاز ترقی کے مواقع فراہم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی معاملات کو لسانی رنگ دینا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے، جبکہ عوام سیاسی بیانیوں اور دعوؤں کی حقیقت سے بخوبی واقف ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کی خدمت کو ترجیح دی اور نفرت کی سیاست کے بجائے امن و ترقی کے فروغ کے لیے کام کیا۔
انہوں نے مصطفیٰ کمال سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں لسانی تقسیم، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات کس سیاسی شناخت سے وابستہ رہے، اس کا جواب عوام بہتر جانتے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ صدیوں سے مختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کا گھر ہے اور سیاسی مقاصد کے لیے عوام میں نفرت اور تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں قابلِ قبول نہیں۔
