ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز) مغل کوٹ چیک پوسٹ پر پولیس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے 3 کلو چرس اور 3 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ضیاالدین احمد کی ہدایت پر، ایس پی صدر ڈویژن آصف محمود کی نگرانی اور ڈی ایس پی درازندہ صفدر خان کی زیر قیادت ایس ایچ او مغل کوٹ و انچارج چیک پوسٹ رازق خان نے منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائی کی۔
پولیس نے بلوچستان سے آنے والی فیلڈر گاڑی نمبر BUY-822 کو مغل کوٹ چیک پوسٹ پر روک کر تلاشی لی۔ گاڑی میں موجود ڈرائیور ملزم ارمان اللہ ولد فضل الرحمن، قوم خٹک، سکنہ کرک، جبکہ پچھلی نشست پر موجود خاتون ملزمہ مہر زادہ زوجہ سفیر اللہ، قوم بنوچی، سکنہ بنوں کی تلاشی کے دوران تھیلے سے 3 پیکٹ چرس برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 3 کلو تھا، جبکہ 3 پیکٹ آئس بھی برآمد ہوئے، جن کا وزن 3 کلو بتایا گیا ہے۔
پولیس نے برآمد ہونے والی منشیات قبضے میں لے کر دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور انہیں پابندِ سلاسل کردیا۔
ڈی پی او ڈیرہ ضیاالدین احمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او مغل کوٹ اور انچارج چیک پوسٹ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
