اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے اثرات خطے کے امن و سلامتی پر بھی مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ فریم ورک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق یہ معاہدہ عالمی سطح پر امن کے فروغ کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتا ہے اور مستقبل میں تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے معاہدے کو عملی شکل دینے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سفارتی اور اسٹریٹجک کاوشوں نے اس اہم دفاعی تعاون کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ شراکت داری خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کے لیے مثبت اور دور رس نتائج سامنے لائے گی۔
