اسلام آباد: وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو سول اعزازات سے نوازنے کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ اس فہرست میں مجموعی طور پر 78 افراد شامل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک و قوم کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کے لیے سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مختلف کیٹیگریز کے تحت 78 افراد کو اعزازات دینے کی سفارش منظور کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے اور غیر معمولی بہادری دکھانے والے افراد کی خدمات کا اعتراف قومی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا اور غازیوں کی قربانیاں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے، جبکہ چاروں صوبوں کے نمائندوں نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی
