پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ملک میں سبزیوں، پھلوں، گوشت، ایل پی جی اور آٹے سمیت بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، جس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ لاہور میں سرکاری نرخوں اور بازار کی قیمتوں میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں پیاز کی سرکاری قیمت 195 روپے فی کلو ہے، جبکہ بازار میں 250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ آلو 42 کے بجائے 70 روپے اور ٹماٹر 150 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 200 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ بھنڈی 200 روپے، مٹر 450 سے 500 روپے، دیسی ٹینڈے 250 روپے اور لہسن 500 سے 600 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔
پھلوں میں کھجور 520 روپے فی کلو، کیلا 200 روپے فی درجن، مسمی 200 روپے فی درجن اور امرود 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ سیب کی قیمت 400 روپے فی کلو بتائی گئی ہے۔
گوشت اور دیگر اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ برائلر مرغی کا گوشت 550 روپے فی کلو، انڈے 267 روپے فی درجن، گائے کا گوشت 1300 روپے اور بکرے کا گوشت 3000 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
ایل پی جی کی سرکاری قیمت 280 روپے فی کلو کے مقابلے میں مارکیٹ میں 500 سے 600 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2200 سے بڑھ کر 2300 روپے کا ہوگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق گراں فروشی کے خلاف روزانہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے ساتھ جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
