پسنی میں شہید ہونے والے میجر جاہت وحید کی نمازِ جنازہ لاہور میں ادا
بلوچستان کے علاقے پسنی میں دفاعِ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے میجر جاہت وحید شہید کو ان کے آبائی شہر لاہور میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شہید کی نمازِ جنازہ بحریہ ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی، جس میں گورنر پنجاب، کور کمانڈر لاہور، سینئر صوبائی وزراء، سول و ملٹری افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قومی پرچم میں لپٹے شہید کے جسدِ خاکی کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
میجر جاہت وحید شہید نے 18 اکتوبر کو گوادر کے علاقے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ ان کے پسماندگان میں والدہ، بیوہ اور ایک کم سن بیٹی شامل ہیں۔
